بھٹکل 6 / ستمبر (ایس او نیوز) بحیرہ عرب میں اٹھنے والی تیز لہروں کی وجہ سے ملپے کی ایک ماہی گیر کشتی بھٹکل کے قریب ساحل پر چٹان کے تودوں سے ٹکرا گئی جس سے کشتی کو خاصہ نقصان پہنچا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بیچ سمندر میں تیز لہروں کی وجہ سے ملپے بندرگاہ سے تعلق رکھنے والی کشتی کے فین کے اندر مچھلی پکڑنے کا جال پھنس گیا۔ اس وجہ سے کشتی کو آگے لے جانا ممکن نہیں ہو رہا تھا اور کشتی سمندر میں ڈوبنے کی نوبت آ گئی تھی۔
اس کشتی کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے بھٹکل سے تعلق رکھنے والی دوسری ماہی گیر کشتی کے ساتھ رسیوں سے باندھا گیا اور کھینچتے ہوئے بھٹکل تنگن گنڈی بندرگاہ کے قریب لا کر باندھا گیا۔ لیکن تیز موجوں کی وجہ سے باندھی ہوئی رسیاں ٹوٹ گئیں اور کشتی ساحل کنارے رکاوٹی دیوار کا کام کرنے والے بڑے بڑے پتھروں سے ٹکرا گئی. جس کی وجہ سے کشتی کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔